شاہد ندیم سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے منظور شدہ لوڈ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے سنگل فیز میٹرز کے صارفین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
لیسکو کے مطابق سنگل فیز میٹرز کی ایم ڈی آئی (MDI) ریڈنگ کا ریکارڈ مرتب کر لیا گیا ہے، جبکہ زیادہ ڈیمانڈ انڈیکیٹر ریڈنگ کو اب بجلی کے بلوں پر بھی ظاہر کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ایم ڈی آئی ریڈنگ کی مدد سے ایسے صارفین کی نشاندہی کر لی گئی ہے جو اپنے معاہدے کے مطابق منظور شدہ لوڈ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
لیسکو کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر خلاف ورزی کرنے والے صارفین کو ایکسٹینشن آف لوڈ کے نوٹسز جاری کیے جائیں گے، جبکہ 3 کلوواٹ سے زائد لوڈ رکھنے والوں کو تھری فیز میٹر میں منتقلی کے ڈیمانڈ نوٹس بھی دیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایم ڈی آئی ریڈنگ کی بنیاد پر اب صرف 3 کلوواٹ تک کے صارفین ہی سنگل فیز میٹر استعمال کر سکیں گے، جبکہ تھری فیز میٹر پر منتقلی کے ساتھ پروٹیکٹڈ کیٹیگری ختم ہو جائے گی اور فکسڈ چارجز میں اضافہ بھی متوقع ہے۔