(سٹی 42) لاہور میں ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے5نئے مریض سامنے آگئے۔
مچھروں کی افزائش کیلئے موزوں موسم ہونے کے باعث ڈینگی وائرس کے شہریوں پر حملے بھی بڑھنا شروع ہوگئے ہیں، چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی، شالامار ٹاؤن کی رہائشی 69 سالہ زرینہ بی بی اور ڈیفنس فیز فائیو کی رہائشی 23 سالہ رابعہ بی بی کے شالامار ہسپتال میں ٹیسٹوں کے بعد ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی۔
نیشنل ہسپتال میں ڈیفنس کے رہائشی 77 سالہ محمد منیر، سروسز ہسپتال میں اوورسیز سوسائٹی رائیونڈ روڈ کے رہائشی 28 سالہ عبدالمنان اور حمید لطیف ہسپتال میں ماڈل ٹاؤن کے رہائشی 32 سالہ عدنان خالد کے ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، شہر میں سرکاری طور پر ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی ہے۔