سٹی 42 : ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ صرف رات 12 سے صبح 5 بجے تک ہوگا، دن کے اوقات میں اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کے استعمال پر پابندی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر تین سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ تمام بس اڈہ مالکان اور منیجران کے ساتھ فوری رابطہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ کوئی بھی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑی مقررہ اڈوں کے علاوہ کسی اور مقام پر مسافروں کو بٹھانے یا اتارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بس مالکان مسافروں کو ٹکٹ جاری کئے بغیر نہیں سوار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سامان بردار گاڑیوں (ٹرکوں) کے مالکان اور منیجران کے ساتھ بھی اجلاس کیے جائیں گے۔ تمام لوڈ شدہ گاڑیاں صرف مقررہ مقامات پر ہی خالی کی جائیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔