ویب ڈیسک: پشاور کےسرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز متعارف کرانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے کورسز متعارف کرانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے اور مطلوبہ وسائل ہنگامی بنیادوں پر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
یہ ہدایات وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اجلاس میں دی گئیں، جس میں صوبائی وزیر ثانوی تعلیم ارشد ایوب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستقبل کی معیشت، تعلیم، صحت اور انتظامی نظام میں مصنوعی ذہانت کا کردار مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے، اور نوجوانوں کو AI کی تعلیم دینا انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنائے گا۔
سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے نئی آسامیوں کی تخلیق کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری امور میں غفلت برتنے والے ملازمین کو عہدوں سے فارغ کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ٹیکسٹ بکس کی پرنٹنگ اور اسٹیشنری کی خریداری کے لیے ٹینڈرز کی انکوائری کرانے اور نصابی کتب کی چھپائی سرکاری پریس سے کرانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے اساتذہ کی پوسٹنگ، ٹرانسفر، لیو انکیشمنٹ، پروموشن اور اسکولوں میں فراہم کی جانے والی اسکالرشپس کو ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں