لوئر مال (راؤ دلشاد، فصیح اللہ) الیکشن کمیشن نے این اے 133 کے ضمنی الیکشن لڑنیوالے11 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ۔ حکمران جماعت آؤٹ، مسلم لیگ (ن )اور پیپلزپارٹی سمیت 11 امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے، شائستہ پرویز ملک کو'' شیر'' اورچودھری اسلم گل کو'' تیر'' کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا۔
مسلم لیگ( ن) پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ جمع کر ا دیئے، پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا گزشتہ روز آخری دن تھا، الیکشن کمیشن نے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے امیدواروں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کردیئے، مسلم لیگ (ن )کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو شیر کا نشان الاٹ کر دیا گیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے چودھری اسلم گل کو انتخابی نشان تیر، فرسٹ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار سیدہ غلام فاطمہ گیلانی کو انتخابی نشان بیل، تحریک اصلاحات پاکستان کے امیدوار عبدالعزیز کو انتخابی نشان پگڑی، آزاد امیدوار حبیب اللہ کو ایکسکاویٹر کا نشان الاٹ کیا گیا، آزاد امیدواروں عرفان خالد کو لیٹر بکس، محمد حفیظ کو سیب، محمد نواز کو سکوٹر، رانا خالد محمود کو ویسٹ کوٹ، سہیل شہزاد کو ہتھوڑا نشان الاٹ کیا گیا، راجہ واقف طہماسب کیانی کو انتخابی نشان میڈل الاٹ کیا گیا۔
انتخابی نشان الاٹ ہوتے ہی (ن) لیگ کی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئیں، ٹاؤن شپ میں یونین کونسلز کا مرحلہ وار اجلاس، ہر یو سی میں انتخابی دفتر کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا، مسلم لیگ ن کے مرکزی دفتر میں 21 یونین کونسلز کی میٹنگز کا مرحلہ مکمل ہوگیا، مختلف رہنماؤں اور کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، ڈور ٹو ڈور کمپین کی ذمہ داری لیگی خواتین کارکنوں کے سپرد ہیں۔ حکمت عملی کے تحت آج سے ہر یوسی میں انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا جائے گا۔ دفاتر کھولنے کا مرحلہ ختم ہوتے ہی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے انتخابی مہم کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی دینے کی ہدایت کر دی ہے، این اے 133 کا ضمنی انتخابی معرکہ 5 دسمبر کو ہوگا۔