اویس کیانی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا،جس میں راول ڈیم کے پانی کو نالوں کے گندے پانی سے بچانے کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس کے دوران راول ڈیم میں گرنے والے نالوں پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ان منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے اسلام آباد سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کلین اپ کسی دباؤ کے بغیر اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک پر جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ منصوبہ 30 جون تک مکمل کیا جائے،اس کے علاوہ کیپیٹل پولیس کالج کی اپگریڈیشن پلان پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت نئے کلاس رومز، میس اور زیر تربیت اہلکاروں کے لیے بیرکس تعمیر کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے،نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کے لیے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے ڈیزائن جمع کرا دیے گئے ہیں اور ان کی جانچ کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں کنونشن سنٹر کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد میں نئے تعمیر ہونے والے 11 تھانوں پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔