ابراہیم قریشی: آؤٹ فال روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی رکشے کو ٹکر کے نتیجے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ قربانی کے 2 بکرے ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رکشہ قربانی کے بکرے لے جا رہا تھا کہ اسی دوران تیز رفتار ڈمپر نے اسے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں 4 سالہ محمد اریشان، 13 سالہ ثاقب اور رکشہ ڈرائیور نذیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے میں رکشے میں موجود 2 بکرے موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ 2 دیگر بکروں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ یہ واقعہ گزشتہ روز دوپہر تقریباً 4 بجے پیش آیا۔
اسلام پورہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ نامعلوم ڈمپر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔