ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ رواں برس 6 جون 2025 کو ہونے کا امکان ہے۔ یہ پیشگوئی اماراتی فلکیاتی سوسائٹی کے نگران اعلیٰ اور عرب فلکیاتی فیڈریشن کے رکن ابراہیم الجرون نے کی ہے۔
ابراہیم الجرون کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 4 روز پر مشتمل ہوں گی جس سے شہریوں کو طویل وقفے کا موقع میسر آئے گا۔
ماہرین فلکیات کے اندازوں کے مطابق ذی الحج کا چاند 27 مئی (منگل) کو شام 7 بج کر 2 منٹ پر پیدا ہوگا۔چاند غروب آفتاب کے 38 منٹ بعد تک افق پر نظر آئے گا، جو اس کے دکھائی دینے کا قوی امکان ظاہر کرتا ہے۔
اسی حساب سے یکم ذوالحج بروز بدھ 28 مئی کو ہونے کی توقع ہے۔ یوں ذوالحج کی 10 تاریخ 6 جون بروز جمعہ کو ہوگی جو عیدالاضحیٰ کا دن ہوگا۔
اگر یہ فلکیاتی پیشگوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں تو امارات میں عید کی تعطیلات بدھ 4 جون سے ہفتہ 7 جون تک ہوں گی جبکہ اتوار 8 جون کو ممکنہ طور پر کام کا آغاز ہوگا۔