کلیم اختر:ایس ای سی پی نے ریٹائرمنٹ کے بعد مستقل آمدن کو یقینی بنانے کے لیے نئی اینیوٹی مصنوعات کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد مستقل آمدن کےنئے ذرائع متعارف کرائے گئے ہیں۔
ایس ای سی پی کا کہنا تھا کہ نئی مصنوعات میں لائف کنٹنجنٹ، ڈیفرڈ اور گارنٹیڈ پیمنٹ اینیوٹیز شامل ہیں اس کے علاوہ ہائبرڈ اینیوٹی اسکیمیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں جو صارفین کو عمر بھر آمدن کے ساتھ یقینی ادائیگیوں کی سہولت فراہم کریں گی۔
اعلامیے کے مطابق ان اسکیموں کے ذریعے ریٹائر ہونے والے افراد اپنی جمع شدہ بچت کو مستقل ماہانہ آمدن میں تبدیل کر سکیں گے، جس سے انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد مالی استحکام حاصل ہوگا۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نئی اینیوٹی مصنوعات مہنگائی اور بڑھتی ہوئی اوسط عمر کے باعث پیدا ہونے والی مالی مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ یہ مصنوعات روایتی انشورنس اور تکافل دونوں نظاموں میں دستیاب ہوں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان کے ریٹائرمنٹ سسٹم کو مزید مستحکم اور معیاری بنانا ہے تاکہ شہریوں کو مستقبل میں بہتر مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔