ویب ڈیسک :شادی ہالز مالکان اور ایونٹ سروسز فراہم کرنے والوں کے لیے ٹیکس ادائیگی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے صوبے بھر کے تمام شادی ہالز اور ایونٹ سروسز فراہم کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اتھارٹی کے پاس رجسٹر ہوں اور متعلقہ ٹیکس قوانین کی پابندی کریں۔
یہ حکم ان تمام کاروباروں پر لاگو ہوتا ہے جو تقریبات سے متعلق خدمات فراہم کرتے ہیں جن میں شادی ہالز، لان، شامیانہ سیٹ اپ، ڈیکوریشن اور دیگر متعلقہ سہولیات شامل ہیں۔
مذکورہ خدمات فراہم کرنے والے مالکان کیلئے ضروری ہے کہ وہ بی آر اے کے پاس اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور صوبائی ضوابط کے تحت اپنی ٹیکس ذمہ داریاں پوری کریں۔
بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کے تحت شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے انتظامات سے وابستہ خدمات پر سیلز ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔
ٹیکس کی شرح 10000 روپے فی تقریب یا سروس فیس کا 2 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ کاروباری اداروں کیلیے لازمی ہے کہ وہ خود کو رجسٹر کروائیں، واجب الادا ٹیکس ادا کریں اور مقررہ مدت کے اندر ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔
بی آر اے نے خبردار کیا کہ رجسٹریشن نہ کروانے، ٹیکس کی عدم ادائیگی یا گوشوارے جمع کروانے میں تاخیر کی صورت میں قانون کے تحت جرمانے اور قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اتھارٹی نے شادی ہالز مالکان اور ایونٹ سروسز فراہم کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں کیونکہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد صوبائی ترقی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔