سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ پہاڑوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شہر لاہور میں سورج کی تیز کرنوں کے باعث شہر کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ آج دن بھر شہر کا مطلع ابر آلود رہے گا تاہم بارش برسانے والا سسٹم 16 مارچ تک شہر میں موجود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 190 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بنا پر لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں بھی اضافے کا سامنا ہے۔اڈا پلاٹ 253، ویلنشیا ٹاؤن میں 242، عسکری ٹین میں 221 ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر قائد میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے کم سے کم درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ جنوب مغرب سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی ہلکی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد کے درمیان رہے گا۔شہر کا فضائی معیار بہتر ہے اور اے کیو آئی کے مطابق کراچی پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 82 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری جاری رہی۔کوئٹہ، نوشکی، ژوب میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شگر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کےبیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہےتاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہالدین، سرگودھا ،میانوالی، خوشاب، گجرات ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور ،گوجرانوالہ، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں چند مقاما ت پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔ادھر مری،گلیات اور گردونوا ح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلودرہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخواکےبیشتر اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام ، مانسہرہ،ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی، مردان ، بونیر، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اوربلند وبالاپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔