عابد چودھری: لاہور کے اقبال ٹاؤن ڈویژن میں دو مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق پہلا مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں ہمہ بلاک کی ڈونگی گراؤنڈ کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرشید کے نام سے ہوئی ہے جو 27 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس کے مطابق اس کا ایک ساتھی آصف موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ ہنجروال کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ناکہ بندی کے دوران چار مشکوک موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جس کی شناخت حیدر علی کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔