خان شہزاد:بڑھتی مہنگائی کے باعث کم آمدنی والا طبقہ حکومتی ریلیف کا منتظر ہے، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تاحال کوئی نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔
مارکیٹ میں گھی، کوکنگ آئل، چاول اور دیگر ضروری اشیاء بدستور مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق درجہ اول گھی 595 روپے فی کلوگرام جبکہ درجہ دوم گھی 450 روپے فی کلوگرام تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے گھریلو اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اسی طرح چاول کی مختلف اقسام 300 روپے سے 640 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہی ہیں، جبکہ گوشت کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق مٹن کی قیمت 1600 روپے فی کلوگرام مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 3500 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے اور حکومت کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں پر دستیاب بنائی جائیں تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو حقیقی ریلیف مل سکے۔