فاران یامین: ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون چوری کی وارداتوں میں ملوث رضا موبائل چور گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان علی رضا اور احسن کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11 مسروقہ موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان 45 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں اور مختلف علاقوں میں موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے میں ملوث رہے ہیں۔ دوران تفتیش ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔