ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محسن نقوی کا بڑا اعلان، اسپیشل پروٹیکشن ونگ کو عالمی معیار کی سیکیورٹی فورس بنایا جائے گا

محسن نقوی کا بڑا اعلان، اسپیشل پروٹیکشن ونگ کو عالمی معیار کی سیکیورٹی فورس بنایا جائے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کرتے ہوئے فورس کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ تربیت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کو سراہا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ایک جدید اور منظم فورس بنایا جا رہا ہے جو بیرون ملک سے آنے والے ریاستی مہمانوں کو بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کی تربیت کے لیے غیر ملکی انسٹرکٹرز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ منتخب اہلکاروں کو بیرون ملک بھی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے اہلکاروں کو جسمانی فٹنس، جدید اسلحے کے مؤثر استعمال اور ڈرائیونگ کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کو بین الاقوامی زبانوں کی تعلیم بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کر سکیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے جدید اینٹی رائٹ آلات کی خریداری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فورس کو مزید فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے بیرکس کا بھی معائنہ کیا اور زیر تربیت اہلکاروں سے کھانے پینے، رہائشی سہولتوں اور دیگر مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بیرکس میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے ٹریننگ سینٹر میں جم اور سوئمنگ پول کی تعمیر شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر فیڈرل کانسٹیبلری کے انسپکٹر جنرل نذیر احمد گاڑا نے تربیتی پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زیر تربیت اہلکاروں میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوان شامل ہیں جبکہ پہلی بار 35 خواتین اہلکار بھی تربیتی پروگرام کا حصہ بنی ہیں۔