ویب ڈیسک:پاکستانی میوزک انڈسٹری کے سینئر اور معروف گلوکار علی حیدر کی بیٹی علشبہ حیدر نے بھی موسیقی کے میدان میں باقاعدہ طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کر دیا ہے۔
علی حیدر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے علشبہ کو بطور گلوکارہ متعارف کروایا، جہاں انہوں نے اپنی بیٹی کے ہمراہ ایک تصویر بھی شیئر کی اور ایک جذباتی پیغام تحریر کیا۔
انسٹاگرام پر علی حیدر نے بتایا کہ یہ ایک نہایت خاص لمحہ ہے، جب میری بیٹی علشبہ حیدر کا پہلا گانا ’دل نہیں لگدا اے‘ ریلیز ہو رہا ہے۔ اس گانے میں میں خود بھی شریک ہوں۔ یہ ایک والد اور بیٹی کا مشترکہ موسیقی سفر ہے، امید ہے آپ سب کو پسند آئے گا۔
پوسٹ کے مطابق ‘دل نہیں لگدا اے‘ نہ صرف علشبہ کا پہلا گانا ہے بلکہ اس میں ان کے والد، علی حیدر بھی اپنی آواز کا جادو جگاتے سنائی دیں گے، جو اس گیت کو مزید خاص بنا دیتا ہے۔‘
علشبہ حیدر کی شمولیت سے علی حیدر کے مداحوں میں خاصا جوش پایا جا رہا ہے، اور سوشل میڈیا پر ان کے اس نئے گانے کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ ناقدین اسے ایک خوش آئند قدم قرار دے رہے ہیں، جس سے ایک اور باصلاحیت نسل موسیقی کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہے۔