ٹاؤن شپ (سعدیہ خان) سال 2020ء کا پہلا سورج گرہن 21 جون کو ہوگا اور اس دوران سورج کی روشنی مدہم ہوجائے گی، 21 جون سال کا طویل ترین دن بھی ہوتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سال 2020ء میں دنیا بھر میں 2 سورج اور 4 چاند گرہن ہونگے، جنہیں پاکستان سمیت کئی ممالک میں دیکھا جاسکے گا، سال 2020ء کا پہلا سورج گرہن 21 جون کو ہوگا جبکہ دوسرا سورج گرہن 14 دسمبر کو لگے گا، سال کا تیسرا چاند گرہن 4 اور 5 جولائی کو لگے گا۔
مارہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سال کا چوتھا چاند گرہن 29 اور 30 نومبر کی شب دیکھنے میں آئے گا، یہ چاند گرہن بھی پاکستان سمیت ایشیا کے مختلف ممالک، یورپ، افریقا اور آسٹریلیا میں نظر آئیں گے، 21 جون کو سورج گرہن کے دوران دن کے اوقات میں سورج کی روشنی مدہم ہوجائے گی۔
ڈائریکٹر اسپپس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر پروفیسر جاوید اقبال کے مطابق پاکستان میں 21 جون کو سورج کو جزوی گرہن صبح 8 بجکر 46 منٹ پر لگے گا اور 9 بجکر 48 منٹ پر سورج کو مکمل گرہن لگنا شروع ہوگا، 11 بجکر 40 منٹ پر یہ اپنے عروج پر ہوگا جب کہ 1 بجکر 32 منٹ پر مکمل گرہن ختم ہونا شروع ہوگا جو 2 بجکر 34 منٹ پر ختم ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال کا آخر ی سورج گرہن 26 دسمبر کو لگا تھا، جس کا نظارہ پوری دنیا میں دیکھا گیا تھا اس کا دورانیہ 6 گھنٹے تک رہا، طاقت ور ترین سورج گرہن کو ماہرین نے رنگ آف فائر کا نام بھی دیا تھا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق زمین پر سورج گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند دورانِ گردش زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے سورج کا مکمل یا کچھ حصہ دکھائی دینا بند ہو جاتا ہے۔ اس صورت میں چاند کا سایہ زمین پر پڑتا ہے، چونکہ زمین سے سورج کا فاصلہ زمین کے چاند سے فاصلے سے 400 گنا زیادہ ہے اور سورج کا محیط بھی چاند کے محیط سے 400 گنا زیادہ ہے، اس لیے گرہن کے موقع پر چاند سورج کو مکمل یا کافی حد تک زمین والوں کی نظروں سے چھپا لیتا ہے۔