عمران یونس:یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور نے خزاں 2026 کے لیے مختلف پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے ایم ایس، ایم فل، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے لیے اہل امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق داخلوں کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ یو ای ٹی لاہور کے داخلہ ٹیسٹ 17 اگست 2026 سے شروع ہوں گے۔ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے انٹرویوز 20 سے 22 اگست تک منعقد کیے جائیں گے، جبکہ نئے تعلیمی سیشن کی کلاسوں کا آغاز 7 ستمبر 2026 سے ہوگا۔ یہ بات یو ای ٹی کے ترجمان ڈاکٹر تنویر قاسم نے بتائی۔
یو ای ٹی لاہور میں انجینئرنگ، کمپیوٹنگ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنس سمیت متعدد جدید شعبوں میں داخلے دیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلامیات، کیمسٹری اور دیگر مضامین میں بھی ایم ایس، ایم فل، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے لیے داخلے کھلے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یو ای ٹی لاہور کے مختلف پروگرام صبح، شام اور ویک اینڈ شفٹس میں دستیاب ہوں گے تاکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے امیدوار اپنی سہولت کے مطابق تعلیم جاری رکھ سکیں۔
یونیورسٹی کی جانب سے منتخب پی ایچ ڈی طلبہ کے لیے ریسرچ سپورٹ، سکالرشپس اور مالی معاونت کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں سابق طلبہ (Alumni)، خواتین اور فیکلٹی ممبران کے لیے خصوصی مالی مراعات بھی رکھی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ داخلوں سے متعلق مکمل معلومات اور آن لائن درخواست جمع کرانے کی سہولت یو ای ٹی کے داخلہ پورٹل پر دستیاب ہے، جبکہ اہل امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 13 اگست 2026 سے قبل اپنی آن لائن درخواستیں بروقت جمع کرائیں۔