ملک اشرف : لاہور ہائی کورٹ میں گرمیوں کی عدالتی تعطیلات کے دوسرے ہفتے کا آغاز ہو گیا ہے۔ تعطیلات کے دوران بھی سائلین کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرنسپل سیٹ پر 6 ڈویژن بینچز اور 17 سنگل بینچز تشکیل دے دیے گئے ہیں، جو پیر سے جمعرات تک ارجنٹ اور اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس کی منظوری سے جاری روسٹر کے مطابق چیف جسٹس اور جسٹس عابد حسین چٹھہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نمبر ایک تمام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرے گا۔ڈویژن بینچ نمبر دو جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس رسال حسن سید پر مشتمل ہوگا،جوتمام سول مقدمات کی سماعت کرے گا۔ڈویژن بینچ نمبر تین، جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس راحیل کامران پر مشتمل ہوگااوریہ بھی تمام سول نوعیت کے مقدمات سنے گا۔ڈویژن بینچ نمبر چار، جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس محمد امجد رفیق پرمشتمل ہوگا، جوتمام فوجداری مقدمات کی سماعت کرے گا۔ڈویژن بینچ نمبر پانچ، جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل ہوگا، جو سول مقدمات کی سماعت کرے گا۔ڈویژن بینچ نمبر چھ، جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس عہبر گل خان پر مشتمل ہوگا، جو فوجداری مقدمات کی سماعت کرے گا۔روسٹر کے مطابق مجموعی طور پر سول مقدمات کے لیے تین جبکہ فوجداری مقدمات کے لیے دو خصوصی ڈویژن بینچز قائم کیے گئے ہیں جبکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم ڈویژن بینچ ہر نوعیت کے مقدمات کی سماعت کا اختیار رکھے گا۔