عرفان ملک:نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے خواتین اور شہریوں کو بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میں ملزم ہارون قریشی کو گرفتار کیا گیا، جس پر الزام ہے کہ اس نے ایک خاتون کی نجی تصاویر اس کے شوہر کو بھیج کر اس کی ازدواجی زندگی تباہ کرنے کی کوشش کی۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا، جسے مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری کارروائی میں این سی سی آئی اے کی فیصل آباد ٹیم نے ایبٹ آباد کے علاقے شیرواں کلاں میں چھاپہ مار کر مرکزی ملزم محمد انور کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم محمد انور سوشل میڈیا پر خاتون بن کر شہریوں سے رابطہ کرتا اور قابلِ اعتراض مواد کے ذریعے انہیں بلیک میل کرتا تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر معروف افراد سے رابطے اور ذاتی معلومات یا تصاویر شیئر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی سائبر بلیک میلنگ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔