علی ساہی: پنجاب پولیس نے شرپسند، دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 383 آپریشنز کیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 11 ہزار 400 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ 74 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 84 ہزار 210 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں، جن کے دوران 2 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ 29 ہزار 445 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران مشتبہ افراد کے قبضے سے 1,971 پستول، 152 بندوقیں، 213 رائفلیں اور بھاری مقدار میں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حساس مقامات، بس اڈوں، ہوٹلوں اور دیگر عوامی مقامات پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔