اسرار خان : پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 4425 ملزمان گرفتار، 4341 مقدمات درج کئے گئے۔ 04 لاکھ 69 ہزار 892 پتنگیں، 17 ہزار 671 چرخیاں برآمد، 3871 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ اسکے علاوہ صوبائی دارالحکومت میں 1206 ملزمان گرفتار، 1175 مقدمات درج، 27612 پتنگیں، 1393 ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں، خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں، شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔