سٹی42: لاہور ٹریفک پولیس نے "صدا حسینؑ" کے جلوس کیلئے دو روزہ ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ جلوس کے پیش نظر شاہدرہ چوک سے بیگم کوٹ چوک تک کا روٹ آج اور کل ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے جلوس کے روٹ کا خود جائزہ لیا اور افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ٹریفک پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے مطابق 1 ڈویژنل ایس پی، 3 سرکل افسران اور 10 ٹریفک انسپکٹرز کی نگرانی میں ٹریفک کنٹرول کیا جائے گا۔جلوس کے روٹ پر 224 ٹریفک وارڈنز، 2 لفٹرز اور بریک ڈاؤن گاڑیاں تعینات ہوں گی۔وارڈنز کو ٹریفک کنٹرول کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر نظر رکھنے کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ شاہدرہ سے بیگم کوٹ تک دونوں اطراف ٹریفک بند رہے گی۔ شیخوپورہ اور شرقپور سے آنے والی ٹریفک کو دوساکو چوک، السعید چوک اور سگیاں چوک کی طرف موڑا جائے گا۔جڑانوالہ سے آنے والی ٹریفک بھی السعید چوک سے سگیاں چوک کی جانب بھیجی جائے گی۔
لاہور سے شیخوپورہ جانے والی ٹریفک کو چوک نیازی شہید اور رنگ روڈ سے گزارا جائے گا۔جی ٹی روڈ (لاہور تا گوجرانوالہ) پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہے گی۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ شاہدرہ چوک میں ٹریفک لوڈ بڑھنے کی صورت میں گاڑیوں کو نیازی شہید چوک سے رنگ روڈ اور سگیاں کی جانب موڑ دیا جائے گا۔