ویب ڈیسک:وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم اور خزانہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑی خوش خبری دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرنے کیلیے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔
وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے، عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔ اجلاس میں اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔