اشرف خان: عالمی اور مقامی مارکیٹ میں آج بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 9 ڈالر اضافے کے بعد 4595 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات مقامی صرافہ بازار میں بھی واضح طور پر دیکھے گئے۔
آل پاکستان صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 900 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 81 ہزار 862 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 771 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 13 ہزار 118 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک تولہ چاندی کی قیمت 180 روپے بڑھ کر 9075 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔