سٹی42: ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ اور گیس کی قلت کے باعث شہریوں نے کھانا پکانے اور آگ سینکنے کے لیے لکڑی پر انحصار بڑھا دیا ہے، جس کے نتیجے میں لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
شہریوں نے لکڑی کے ٹالوں کا رخ کر لیا ہے، جہاں وہ کھانا پکانے اور آگ جلانے کے لیے لکڑی خرید رہے ہیں۔ اس بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث لکڑی کی قیمت فی من 2000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی میں نیو کنکشن کے لیے میٹریل کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے۔ صارفین نے کروڑوں روپے کے ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کے باوجود بھی کنکشن حاصل نہیں کر سکے۔ لاہور ریجن میں صارفین نے ایل این جی کے بنیاد پر 42 ہزار ڈیمانڈ نوٹس جمع کروائے، جن میں 10 ہزار نوٹس لاہور ریجنز میں ہیں، مگر میٹریل کی کمی کی وجہ سے کنکشن نہیں دیے جا سکے۔
صارفین نے کروڑوں روپے جمع کروا دیے، مگر انہیں مختلف دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ایل این جی کی بنیاد پر گیس کنکشن دینے کی منظوری دی تھی، تاہم منظوری کے بعد بھاری بھرکم سکیورٹی کے ساتھ ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے گئے۔