اویس کیانی : مسلسل دوسرے ماہ 3 ارب ڈالر سے زائد رقوم پاکستان بھیجنے پر وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے اوورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کوالالمپور سے روانگی کے وقت ہوائی اڈے پر گفتگو میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مسلسل دوسرے ماہ 3 ارب ڈالر سے زائد رقوم پاکستان بھیج کر بانی پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ریکارڈ ترسیلات زر کا پاکستان آنا ثبوت ہے کہ تبدیلی آ چکی ہے، اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ 'بانی شیطانی' کی شیطانیوں کو خود ان کے حامیوں نے بھی مسترد کر دیا ہے ۔
امیر مقام نے کہا کہ جنوری 2025 میں ترسیلات زر میں 25 فیصد اضافہ ہونا اور 3 ارب ڈالر کی حد مسلسل دوسرے مہینے برقرار رہنا بیرون ملک پاکستانیوں کا وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیوں پر اعتماد کا عکس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درست معاشی پالیسیوں اور روپے کی قدر میں استحکام سے پاکستان کی ریاست اور عوام کو فائدہ ہوا ، پاکستان رقوم نہ بھجوانے کے اعلان کرنے والوں کا بیرون ملک پاکستانیوں نے بائیکاٹ کر دیا ہے ، آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے۔