نواز شریف کو اخلاقاً وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار نہیں بننا چاہیے، خورشید شاہ

نواز شریف کو اخلاقاً وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار نہیں بننا چاہیے، خورشید شاہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اخلاقاً وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار نہیں بننا چاہیے۔

 خورشید شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف کے انتخاب پر کئی سوالیہ نشان ہیں، یہ تاثر عام ہے کہ انہیں جتوایا گیا، وزیراعظم کے عہدے کے لیے شہباز شریف یا ایاز صادق متبادل امیدوار ہو سکتے ہیں۔ 

خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ممبران اسمبلی کو نہیں توڑنا چاہیے، ہمیں کسی کے مینڈیٹ پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہیے۔  پیپلز پارٹی کسی اور جماعت کے منتخب ممبر ساتھ شامل نہیں کرے گی، اصل مینڈیٹ ان ممبروں کے پاس نہیں بلکہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔

خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز کو بھی تعداد کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہیے، مسلم لیگ ن کو اپنے بیانیے ووٹ کو عزت دو کا پاس رکھنا چاہیے۔ یہ جمہوریت کی روح کے خلاف ہے کہ ہم وزیراعظم کے عہدے کی مدت آپس میں تقسیم کرلیں، جمہوریت اور ریاست کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کو نہ چھیڑا جائے۔  کسی کے مینڈیٹ سے کھیلنا عوام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے، سپریم کورٹ کا یہ فرض ہے الیکشن کمیشن کو پابند کرے کہ وہ فارم 45 کے مطابق 15 دن میں فیصلے کرے، پی ٹی آئی حمایت یافتہ اراکین کو جلدفیصلہ کرنا چاہیے کس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنی ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے فیصلے مسلط نہیں کرے گی بلکہ ریاست کا مفاد مدنظر رکھ کر آگے بڑھے گی، جہانگیر ترین نے بہترین فیصلہ کیا ہے اور انہیں اس فیصلے پر شاباش دیتا ہوں۔