(ویب ڈیسک)پیپلز پارٹی کا 27 فروری کو کراچی سے نکلنے والا لانگ مارچ اسلام آباد کب پہنچے گا؟24 نیوز نے لانگ مارچ کے مختلف شہروں میں پڑاؤ کی تفصیلات حاصل کرلیں پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ چھ سے سات مارچ تک اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے.
پیپلز پارٹی کا 27 فروری دوپہر کو لانگ مارچ مزار قائد کراچی سے روانہ ہوگا،لانگ مارچ سکھر میں رات کو قیام کرے گا،سکھر میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ لانگ مارچ کی میزبانی کریں گے،سکھر میں ایک بڑے جلسے کا اہتمام کیا جائے گا،جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہناتھا کہ 28 فروری رات کو لانگ مارچ کا پڑاؤ رحیم یار خان میں ہوگا،یکم مارچ کو لانگ مارچ ملتان پہنچے گا،ملتان میں یوسف رضا گیلانی لانگ مارچ کی میزبانی کریں گے،2 مارچ کو لانگ مارچ چیچہ وطنی پہنچے گا،چیچہ وطنی میں ایک لاکھ لوگ اکٹھے کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔چیچہ وطنی میں ایک رات کے قیام کے بعد لانگ مارچ لاہور روانہ ہوگا۔
تین مارچ کو لانگ مارچ لاہور میں قیام کرے گا،لاہور میں رات کو ایک بڑے جلسے کا اہتمام کیا جائے گا،چار مارچ کو لانگ مارچ لاہور سے روانہ ہوگا اور وزیر آباد قیام کرے گا، پانچ مارچ کو لانگ مارچ وزیر آباد سے گوجر خان پہنچے گا،رات کے قیام کے بعد چھ مارچ کو لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا،لانگ مارچ کے پلان میں تبدیلی کا امکان بھی ہے۔