پی ایس ایل: کھلاڑیوں کو 70 فیصد رقم ادا کردی گئی

PSL
کیپشن: PSL
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

نشتر پارک(سٹی42) ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں شریک تمام کھلاڑیوں کو معاوضوں کی 70 فیصد رقم ادا کر دی گئی ، باقی 30 فیصد ایونٹ ختم ہونے کے6ہفتوں میں دے دی جائے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن کے34 میں سے 17 میچز مکمل ہو چکے،گزشتہ روز پی سی بی نے تمام شریک کھلاڑیوں کو معاوضوں کی 70 فیصد رقم بذریعہ چیک ادا کردی، پاکستانی کھلاڑیوں کو روپے میں ادائیگی ہوئی، غیرملکی کرکٹرز کے معاوضوں کی رقم ڈالر میں تقسیم کر کے دی گئی،اس میں سے واجب الادا ٹیکس کی رقم منہا کر لی گئی۔معاوضوں کا باقی 30 فیصد حصہ ایونٹ ختم ہونے کے بعد6 ہفتوں میں دینا ہوگا۔

پی سی بی ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ ابتدا سے ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل نے اپنا ایک معیار قائم کیا ہے، ہم معاوضوں میں کبھی تاخیر نہیں کرتے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں نہ صرف ایونٹ بلکہ ملک کا بھی خراب امیج سامنے آتا ہے۔کھلاڑی ایک دوسرے کو جب اس حوالے سے آگاہ کرتے ہیں تو بعد میں بڑے ناموں کو بلانے میں بھی مشکلات ہوتی ہیں،اسی لیے ہم نے ایک مربوط سسٹم بنایا ہے۔

دوسری جانب چیک ملنے پر مسرور ایک کرکٹر نے کہا کہ پہلے تو ایونٹ شروع ہونے کے چند دن بعد ہی کافی رقم مل جاتی تھی اس بار تو کئی دن گذرنے کے بعد ایسا ہوا، البتہ ہم خوش ہیں کہ زیادہ تاخیرنہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو معاوضوں کی ادائیگی خود کرتا ہے، ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد سینٹرل ریونیو پول میں سے فرنچائزز سے یہ رقم واپس لے لی جاتی ہے، سری لنکا اور بنگلادیش کی لیگز میں کھلاڑی معاوضوں میں تاخیر کی شکایت کرتے رہے ہیں، اس کی وجہ فرنچائزز کو براہ راست ادائیگی کا اختیار دینا تھی، اسی لیے پی سی بی نے یہ ذمہ داری اپنے ذمہ لی ہے۔