ڈیفنس(سٹی42) بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے تصدیق کی ہے کہ ان کی زندگی پر فلم بنائے جانے سے متعلق کام ابتدائی مراحل میں ہے۔
ثانیہ مرزا اس سے قبل اپنی زندگی پر بولی وڈ فلم بنائے جانے کی تصدیق بھی کر چکی ہیں، تاہم تاحال ان کی زندگی پر فلم یا ویب سیریز بنائے جانے کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ثانیہ مرزا نے 2019 میں تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر بھارت میں فلم بنائی جا رہی ہے اور 2020 میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی بائیوگرافی فلم کو جلد دیکھنے کی خواہاں ہیں۔اب انہوں نے تصدیق کی ہے کہ ان کی اور شعیب ملک کی زندگی پر فلم بنائے جانے کے حوالے سے بھی کام ابتدائی مراحل میں ہے اور انہیں امید ہے کہ معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ دونوں کی زندگی پر فلم بنائے جانے کے حوالے سے کچھ لوگوں نے ان سے رابطہ کیا ہے اور ان سے مذاکرات جاری ہیں۔ٹینس اسٹار کے مطابق ابھی تک فلم بنائے جانے کے مذاکرات کو کوئی حل نہیں نکلا، تاہم یہ طے ہے کہ ان کی زندگی پر فلم بنے گی لیکن یہ کب تک ہوتا ہے، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔پاکستان کی بھابھی کہلائی جانے والی بھارتی ایتھلیٹ نے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں اداکاری کرنے کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ اداکاری نہیں کر سکتیں۔
ثانیہ مرزا کے مطابق وہ کیمرے کا سامنا نہیں کر سکتیں، وہ شرمیلی ہیں اور اداکاری کوئی آسان کام نہیں، تاہم انہوں نے اپنی اداکاری کرنے کے امکان کو یکسر مسترد نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر شعیب ملک کے حوالے سے کچھ نہیں کہ سکتیں کہ وہ اداکاری کر سکتے ہیں یا نہیں مگر انہیں اپنا معلوم ہے کہ وہ کیمرے کا سامنا کرنے سے شرماتی ہیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنائے جانے کے حوالے سے ابتدائی معاملات کا اعلان رواں برس کے اختتام تک کردیا جائے گا۔ممکنہ طور پر ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ کا آغاز اگلے برس ہوگا اور تب تک ثانیہ مرزا ٹینس سے ریٹائرڈ ہوجائیں گی، اپنی زندگی پر بننے والی فلم میں دونوں اپنا اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔