کپتان نے سینیٹ کیلئے اپنی ٹیم سلیکٹ کرلی

کپتان نے سینیٹ کیلئے اپنی ٹیم سلیکٹ کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) کپتان نے سینیٹ کیلئے اپنی ٹیم سلیکٹ کرلی، فیصل واوڈا، سیف اللہ ابڑو، حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد شامل، سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر بھی آنکھ کا تارہ بن گئے، شبلی فراز، ثانیہ نشتر، محسن عزیز اور دوست محمد بھی اعتماد جیتنے میں کامیاب ہوگئے، پی ٹی آئی بلوچستان نے عبدالقادرکا نام مسترد کردیا۔ 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر بننے کے خواہشمند افراد کی لسٹ پر مشاورت کا عمل مکمل کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار ہونگی، پنجاب سے سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہوں گے۔ خیبر پختونخواہ سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر کا نام حتمی فہرست میں شامل ہے۔

دریں اثناء سینیٹ کے جیالے امیدواروں کے نام سامنے آگئے، حیران کن طور پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے نامزد کرلیا گیا، شیری رحمان اورسلیم مانڈوی والا کو بھی ٹکٹ مل گیا، ڈاکٹر کریم خواجہ، تاج حیدر، جام مہتاب ڈاہر اور پلوشہ خان کے کام کا قرعہ نکل آیا، عظیم الحق منہاس، فرحت اللہ بابر اور فاروق ایچ نائیک کے ناموں کی منظوری دی گئی۔

 سینیٹ الیکشن 2021 کے لیے الیکشن کمیشن میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا، کاغذات نامزدگی 13 فروری تک جمع کرائے جائیں گے اور نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 23 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔ سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں تین مارچ کو ہوگی، جس کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

جمعیت علماء اسلام نے خیبرپختونخوا سے 5 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جنرل نشستوں کیلئے صوبائی امیر مولاناعطاء الرحمٰن، طارق خٹک اورحاجی زبیر علی کاغذات جمع کرائیں گے، خواتین کی نشست کے لیے ایم پی اے نعیمہ کشور جبکہ اقلیتی نشست پر ایم پی اے سردار رنجیت سنگھ امیدوار ہونگے۔ 

ادھر مسلم لیگ ق کی جانب سے کامل علی آغا نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں، پیپلزپارٹی پارلیمانی بورڈ نے بھی امیدواروں کی منظوری دیدی ہے اور آئندہ مدت کیلئے بھی شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی، کریم خواجہ اور تاج حیدر ٹیکنوکریٹ نشست پر کاغذات جمع کرائیں گے۔ خیر النسا مغل، پلوشہ خان خواتین نشستوں پر جبکہ صادق علی میمن اور جام مہتاب ڈہر جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار ہونگے، سابق وزیر داخلہ رحمن ملک اور اسلام الدین شیخ کو ٹکٹ نہیں مل سکا۔ دونوں رواں سال سینیٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں، پیپلزپارٹی نے پنجاب سے راجہ عظیم الحق کو نامزد کیا ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی امیدواروں کے نام فائنل کر لیے، مسلم لیگ (ن) پارلیمانی بورڈ کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں پرویز رشید، مشاہد اللہ خان  کو ٹکٹ دے دیا گیا، خواتین کی نشست پر سعدیہ عباسی کو ٹکٹ مل گیا، جمعیت اہلحدیث کے علامہ ساجد میر  کو جنرل سیٹ پر ٹکٹ مل گیا جبکہ اعظم نذیر تارڑ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر الیکشن لڑیں گے، پارٹی کے سینئر  رہنما راجہ ظفرالحق کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ایم کیو ایم کی طرف سے عامرخان، فیصل سبزواری اورعبدالقادر خانزادہ مضبوط امیدوار سمجھے جارہے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer