ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے، جلد عوام کو ریلیف ملے گا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ایک بڑی شرح ہے، تاہم جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگی کا عمل جاری رہے گا، یہ صورتِ حال بہتر ہوتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے متعلق جلد خوشخبری دی جائے گی جبکہ اس سال ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا عمل بھی تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ کے مطابق ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کی نگرانی خود وزیراعظم شہباز شریف کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، جب کہ تنخواہ دار طبقے کو دستیاب مالیاتی گنجائش کے مطابق ٹیکس ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے سوا حکومت کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں، اور اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ جلد ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ امریکا سے ٹیرف سے متعلق مذاکرات کامیاب رہے ہیں، جس کے بعد پاکستان کی برآمدات کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔