سٹی42: ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے تاہم خطہ پوٹھوہار ،شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔مزید برآں محکمہ موسمیات نے آج سے مون سون کے ساتویں اسپیل کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے جس کے تحت بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں سرمئی بادلوں کے ڈیرے، آج بوندا باندی کا امکان
شہر قائد میں آج موسم ابر آلود اور مرطوب ہے۔ سرمئی بادلوں نے آسمان پر چادر تان رکھی ہے اور شہریوں کو ہلکی بارش یا بوندا باندی کے امکانات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار:مغربی سمت سے 5 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مرطوب موسم کے باعث شہریوں کو بھاری پن اور پسینے کی شکایت ہو سکتی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم میں بہتری یا ہلکی بارش کے تسلسل کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں کے ساتویں سپیل بارے الرٹ جاری کر دیا، آج سے 15 اگست کے دوران بیشتر اضلاع میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور راولپنڈی ،گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کا امکان ہے،دریائے چناب، راوی کے بالائی حصوں میں شدید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔لاہور ،راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔شدید بارشوں سے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے سول ڈیفنس، ریسکیو و متعلقہ اداروں کوپیشگی انتظامات مکمل کرنےکی ہدایت کی۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے،ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔