شاہد ندیم سپرا: شہر میں گیس کا بحران بدستور برقرار ہے اور مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے بھی بڑھ گیا ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کے سسٹم میں بجلی کی کمی اور گیس کی مجموعی قلت کے باعث لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر کمپنی نے صبح اور شام کے اوقات میں گیس فراہمی کا دورانیہ مزید محدود کر دیا ہے۔
نئے شیڈول کے تحت صبح ساڑھے 6 بجے سے 9 بجے تک جبکہ شام 6 بجے سے 9 بجے تک گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ دوپہر کے اوقات میں انتہائی کم پریشر پر گیس سپلائی جاری رکھنے کی اطلاع ہے۔
گیس پریشر میں مسلسل کمی کے باعث شہریوں نے گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے کمپریسر کا استعمال بڑھا دیا ہے، جس سے صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ کمپریسر کے استعمال میں اضافے کے نتیجے میں کھانا پکانے کے اوقات میں گیس پریشر مزید کم ہو جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث انہیں کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال بحران کے مکمل حل کے لیے کسی بڑے ریلیف کا اعلان سامنے نہیں آیا۔