بابر شہزاد ترک: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی نے 2026 کا دوسرا نیشنل ایکوی ویلنس بورڈ (این ای بی) امتحان منعقد کرایا، جس میں 10 ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی میڈیکل و ڈینٹل طلبہ نے شرکت کی۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق این ای بی امتحان قوانین اور مقررہ معیار کے مطابق کمپیوٹر بیسڈ طریقے سے لیا گیا۔ چین، امریکا، برطانیہ، جارجیا، ایران اور قازقستان کے طلبہ سمیت کرغزستان، ازبکستان اور دیگر ممالک کے طلبہ بھی امتحان میں شریک ہوئے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق این ای بی امتحان سال میں 2 مرتبہ منعقد کیا جاتا ہے اور غیر ملکی اداروں میں جزوی میڈیکل یا ڈینٹل تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کی علمی، طبی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
امتحان کا نتیجہ ایک ہفتے کے اندر جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ کامیاب امیدواروں کو پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے مطلوبہ این او سی جاری کیا جائے گا، جس کے بعد وہ تسلیم شدہ پاکستانی میڈیکل و ڈینٹل کالجز اور یونیورسٹیوں میں منتقلی کے اہل ہوں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق طلبہ کی منتقلی نشستوں کی دستیابی اور متعلقہ ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے سے مشروط ہوگی، جبکہ این ای بی امتحان میں کامیابی کے باوجود پاکستانی ادارے میں داخلہ یا منتقلی خودکار نہیں ہوگی۔