ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹیکس بار نے ایف بی آر سے ڈیڈ لائن میں توسیع مانگ لی

ٹیکس بار نے ایف بی آر سے ڈیڈ لائن میں توسیع مانگ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  کلیم اختر :لاہورٹیکس بار  نے ایف بی آر سے انکم ٹیکس ریٹرن 2026 کے ڈرافٹ فارم پر اعتراضات اور تجاویز جمع کروانے کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کر دیا ہے۔

لاہور ٹیکس بار کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کو ارسال کیے گئے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈرافٹ انکم ٹیکس ریٹرن فارم پر اعتراضات اور تجاویز جمع کروانے کیلئے دی گئی مدت ناکافی ہے، اس لیے سٹیک ہولڈرز کو مناسب وقت فراہم کیا جائے۔

مراسلے میں ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن فارم بروقت جاری کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پیشگی تیاریوں کو سراہا گیا، تاہم کہا گیا کہ آئی آر آئی ایس پورٹل پر الیکٹرانک یوٹیلیٹی فعال نہ ہونے کی وجہ سے مؤثر جائزہ لینا ممکن نہیں۔

لاہور ٹیکس بار کے مطابق ٹیکس دہندگان، وکلا اور ٹیکس کنسلٹنٹس عملی جانچ کے بغیر مؤثر تجاویز نہیں دے سکتے۔ صرف نوٹیفکیشن جاری کرنا کافی نہیں بلکہ آئی آر آئی ایس پر قابل استعمال ریٹرن فارم بھی دستیاب ہونا چاہیے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ الیکٹرانک فائلنگ کی سہولت نہ ہونے سے ریٹرن فارم کی تکنیکی خامیاں سامنے نہیں آ سکتیں، جبکہ کمپیوٹیشنل غلطیاں، ویلیڈیشن مسائل اور سسٹم کی خامیاں صرف عملی ٹیسٹنگ کے دوران ہی ظاہر ہوتی ہیں۔

لاہورٹیکس بار  نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرافٹ ریٹرن فارم کو فوری طور پر ٹیسٹ موڈ میں آئی آر آئی ایس پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے اور ٹیکس دہندگان، وکلا اور کنسلٹنٹس کو اس کی عملی جانچ کیلئے مناسب وقت دیا جائے۔

ٹیکس بار کے مطابق پیشگی جانچ سے غیر ضروری شکایات، تنازعات اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے، اسی لیے اعتراضات، سفارشات اور تجاویز جمع کروانے کی مدت بڑھانے کی باضابطہ درخواست بھی ایف بی آر کو ارسال کر دی گئی ہے۔