اخلاق چانڈیو: سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے قمبرمیں عطائی ڈاکٹروں، غیر قانونی کلینکس اور لیبارٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد مراکز سیل کر دیے۔
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق کارروائیوں کے دوران چار غیر قانونی کلینکس اور ایک لیبارٹری کو سیل کیا گیا جبکہ دو عطائی ڈاکٹروں اور ایک غیر تربیت یافتہ لیب آپریٹر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
حکام کے مطابق عطائی ڈاکٹر حفیظ اللہ بھٹی اور امیر علی لاشاری کے خلاف تھانہ بی سیکشن میں مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد غیر قانونی طور پر علاج معالجہ کر کے انسانی جانوں سے کھیل رہے تھے، جس پر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران گرفتار عطائی ڈاکٹروں کے قبضے سے سرنجز، ادویات اور دیگر طبی سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں غیر قانونی طبی مراکز اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔