وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس، گندم اہداف پورا کرنے کی ہدایت

وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس، گندم اہداف پورا کرنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی اکبر: وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اب تک 32لاکھ 50ہزار میٹرک ٹن گندم خرید چکی ہے اور حکومت کے پاس گوداموں مجموعی طور پر 35لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے جبکہ 91فیصد سے زائد باردانہ کاشتکاروں میں تقسیم کیا جا چکا ہے.

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم خریداری مہم پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک،سیکرٹری زراعت اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ فیصل آباد، سرگودھااور ساہیوال کے کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔سیکرٹری خوراک نے گندم خریداری مہم کے بارے میں بریفنگ دی.
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے گندم خریداری کا ہدف ہر صورت پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہو ئے کہا کہ غیر معمولی حالات میں ہمیں فوڈ سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے .کورونا وباء کے باعث ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے . موجودہ حالات کو مد نظر رکھ کر غیر معمولی اقدامات کرنا ہو ں گے.

انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم پورے زور و شور سے جاری رکھی جائے. جذبے سچے، نیت نیک اور عزم پختہ ہو توہرکام ممکن ہے . گندم خریداری مہم کا ہدف پورا کرنے والے اضلاع کے متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی. ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسروں سے باز پرس ہو گی.

وزیر اعلی عثمان بزدارنے گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس کے تحت کارروائی جاری رہے گی.

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اورگراں فروشوں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا ہوا ہے، کہتے ہیں کہ اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔