بلال نیازی:عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور شہر کی مختلف مارکیٹوں میں خریداری کا رش بڑھنے لگا ہے۔
دکانداروں نے عید شاپنگ کے لیے خصوصی سٹالز بھی سجا دیے ہیں جہاں شہری بڑی تعداد میں خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں عید کی رونقیں نمایاں ہیں جبکہ G-9 کے مرکز میں چوڑیوں، مہندی اور رنگ برنگے کپڑوں کے سٹالز سج گئے ہیں۔ ان سٹالز پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے موجود ہے اور مارکیٹ میں خاصی چہل پہل دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بازاروں میں عید کے ملبوسات، چوڑیاں، جیولری اور مہندی کے سٹالز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید قریب آتے ہی خریداروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے مارکیٹس کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کی خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں جبکہ بچوں میں بھی عید کی آمد کے باعث خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ عید کی رونقوں سے اسلام آباد کی مارکیٹس کا ماحول خوشگوار اور پرجوش دکھائی دے رہا ہے۔