فاران یامین:رحیم یار خان میں پولیس کے مبینہ مقابلے میں ملزم ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک شدہ ملزم پر لاہور میں قتل سمیت مجموعی طور پر تین مقدمات درج تھے۔ رحیم یار خان میں ہونے والے واقعے سے پہلے نعمان قیصر کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں دو اور تھانہ کاہنہ میں ایک مقدمہ درج تھا، جس میں بہنوئی کے قتل کا کیس بھی شامل تھا۔ مقتول سہراب سائیکل فیکٹری کے مالک کا بیٹا تھا۔
ذرائع کے مطابق نعمان قیصر جو اسپین کا رہائشی تھا، نے شوٹرز کے ذریعے قتل کی واردات سرانجام دی تھی۔ ریڈ وارنٹ کے بعد اسے پاکستان واپس آنا پڑا، اور پولیس نے اسے پروٹوکول کے تحت عدالتوں میں پیش کیا۔ ضمانت کے بعد ملزم نے پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی، جس کے دوران رحیم یار خان میں فائرنگ کے تبادلے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
ملزم نعمان قیصر اسپین کی کاروباری شخصیت بھی تھا۔ اس واقعے پر سی سی ڈی لاہور نے مبینہ مقابلے اور نعمان قیصر کے اغواء میں شمولیت سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ سی سی ڈی نے کیمپ جیل کے باہر سے ملزم کے اغواء کی اطلاعات کو بھی مسترد کیا۔