ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات فضائی سفر پر بھی مسلسل پڑ رہے ہیں جبکہ اسی صورتحال کے باعث پاکستان سے آج بھی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق آج مجموعی طور پر 55 پروازیں منسوخ کی گئیں جن میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہونے والی مختلف بین الاقوامی پروازیں شامل ہیں۔
کراچی سے دوحہ، بحرین، دبئی، ابوظہبی اور نجف جانے والی 14 پروازیں منسوخی کا شکار ہوئیں۔
اسی طرح لاہور سے دوحہ، ابوظہبی، دبئی، جدہ، بحرین اور شارجہ کے لیے روانہ ہونے والی 14 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
اسلام آباد سے دوحہ، دبئی، ابوظہبی، دمام، بحرین، ریاض، جدہ اور شارجہ جانے والی 25 پروازیں بھی آپریشنل مسائل کے باعث منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ صورتحال کے سبب گزشتہ 13 دنوں کے دوران پاکستان سے اس خطے کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 39 تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات کے باعث لاہور، کراچی، اسلام آباد اور پشاور سے مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے آج بھی کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے دوحہ، بحرین، دبئی اور ابوظہبی جانے والی مجموعی طور پر 18 پروازیں منسوخی کا شکار ہوئیں۔
اسی طرح لاہور سے دوحہ، کویت، دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے روانہ ہونے والی 22 پروازیں بھی منسوخ کی گئی تھیں۔