(قذافی بٹ) پنجاب اسمبلی میں ناراض لیگی اراکین کا پریشرگروپ بنانےکا فیصلہ،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے نشاط ڈاہا سرگرم، کہتے ہیں کہ جلد ناراض اراکین کا اجلاس بلایا جائے گا۔
نشا ط ڈاہا نےناراض لیگی ارکان کے ساتھ روابط کا دعوی کرتے ہوئےجلد اجلاس بلانے کا بھی اعلان کردیا. نشاط ڈاہا ناراض ارکان کا اجلاس بلاکرآئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے. لیگی رکن نشاط ڈاہا کا کہنا ہےکہ انہیں رات سےناراض ارکان اسمبلی کے فون آرہے ہیں،جلدی اجلاس ہوگا. سب کی ڈیمانڈ وہی ہے جو میری ہے، ارکان اسمبلی عزت چاہتے ہیں، رابطہ کرنے والے کہہ رہےہیں کہ ہمیں اپنے ساتھ سمجھیں. نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ انکا کوئی لیڈر ہی نہیں جوانہیں اکٹھا کرسکے۔
24 نیوز کے پروگرام دس تک میں ن لیگ کے باغی رکن نشاط ڈاہا نے کہا کہ عثمان بزدار مجھے اپنا چچا کہتا ہے، ان کے والد اور میں سکول میں ایک ساتھ پڑھتے تھے ، عثمان بزدار مجھے حکم کریں توفوری استعفیٰ دے دوں گا۔ انھوں نے مزید کہا لوٹا کہنے والے اپنے سیاسی سفرپرغورکریں،خود نوازشریف بھی اصغرخان کے ساتھ تھے.
واضح رہے کہ کچھ دن قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان مسلم لیگ(ن)اورپیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔سابق ایم این اے چوہدری طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔مسلم لیگ(ن) اورپیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ملاقات میں صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔