ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

داتا دربار غسلِ مزار تقریب، محکمہ داخلہ کا ہائی سکیورٹی الرٹ جاری

داتا دربار غسلِ مزار تقریب، محکمہ داخلہ کا ہائی سکیورٹی الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قیصر کھوکھر: محکمہ داخلہ پنجاب نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ غسلِ مزار کی تقریب کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ غسلِ مزار کی مرکزی تقریب 9 محرم الحرام کو داتا دربار میں منعقد ہوگی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق تقریب میں شریک زائرین کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور اور سی سی پی او لاہور کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آئی جی پنجاب کو سرچ آپریشنز اور سرپرائز چیکنگ کی تفصیلات محکمہ داخلہ کو فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

خواتین زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ دربار کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے جبکہ آنے والے تمام زائرین کی مکمل چیکنگ اور جامہ تلاشی لی جائے گی۔

محکمہ داخلہ نے سپیشل برانچ کو دربار اور ملحقہ علاقوں کی ٹیکنیکل سویپنگ مکمل کرنے، جبکہ حساس مقامات اور ملحقہ عمارتوں کی چھتوں پر تربیت یافتہ سنائپرز تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سادہ لباس میں سکیورٹی اہلکار بھی شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں گے۔

داتا دربار کے اطراف پارکنگ محفوظ فاصلے پر قائم کی جائے گی اور لاوارث گاڑیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے گا۔ اس کے علاوہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے اور مشکوک افراد یا گاڑیوں کی شہر میں داخلے سے روکنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ نے آئی جی پنجاب، سیکرٹری اوقاف، کمشنر لاہور، سی سی پی او، ڈی جی ریسکیو، ڈی آئی جی آپریشنز، ایس پی سکیورٹی اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سمیت متعلقہ حکام کو سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔