عرفان ملک: محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں، جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے حساس مقامات پر سنائپرز تعینات کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مشکوک افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جائے گی اور بغیر تلاشی کسی بھی شخص یا گاڑی کو حساس مقامات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف گشت میں اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے سپروائزری افسران کو نماز جمعہ کے سکیورٹی انتظامات خود فیلڈ میں جا کر چیک کرنے کا حکم دیا ہے۔
فیصل کامران کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو مذہبی اجتماعات سے مناسب فاصلے پر پارک کروایا جائے، جبکہ ڈولفن اسکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) اور پٹرولنگ ٹیمیں مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف مسلسل گشت جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔