ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ورلڈ کپ 2023ء کا شیڈول فائنل کرکے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھیج دیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔
بھارت کی جانب سے بھیجا گیا ورلڈ کپ 2023ء کا شیڈول آئی سی سی نے فیڈ بیک کیلئے ورلڈ کپ کھیلنے والے دیگر ممالک کے ساتھ شیئر کردیا۔شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ کا آغاز رواں سال 5 اکتوبر کو ہوگا جبکہ فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا پہلا میچ کھیلا جائے گا، ورلڈ کپ میں شامل ہر ٹیم 9 لیگ میچز کھیلے گی۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہوگا، گرین شرٹس اپنے دیگر میچز میں 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون اور 11 اکتوبر کو کوالیفائر ٹو سے حیدر آباد میں سامنا کریں گے۔
پاکستان ٹیم 20 اکتوبر کو آسٹریلیا سے بنگلور، 23 اکتوبر کو افغانستان سے بنگلور، 27 اکتوبر کو جنوبی افریقا سے چنئی، 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش سے کولکتہ، 5 نومبر کو نیوزی لینڈ سے بنگلور اور 12 نومبر کو انگلینڈ سے کولکتہ میں سامنا کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ فائنل کے علاوہ احمد آباد میں کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔