ویب ڈیسک: انگلینڈ نے ناروے کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ کوارٹر فائنل مقابلے میں انگلش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کو 2-1 سے شکست دی۔ انگلینڈ نے 2018 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ انگلینڈ کی اس جیت کے ہیرو جوڈ بیلنگہم کو انکی شاندار کارکردگی پر ’پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔
ناروے کی ٹیم میچ کے آغاز میں انگلینڈ کے ڈیفنس پر حاوی نظر آئی۔ میچ کے 36 ویں منٹ میں اینڈریاس شیلڈروپ نے پہلا گول کر کے ناروے کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ حالانکہ بیلنگہم نے ناروے کی اس برتری کو زیادہ دیر برقرار نہیں رہنے دیا اور پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں شاندار گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا،دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کئی کوششیں کیں، لیکن کسی کو بھی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ اس کے بعد مقابلہ اضافی وقت میں پہنچا، جہاں 93 ویں منٹ میں انگلش کھلاڑی بیلنگہم کا جادو ایک بار پھر دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے مقابلے کا اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے انگلینڈ کو 2-1 کی برتری دلا دی، جو آخر تک برقرار رہی۔ ناروے نے مسلسل جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور برابر کرنے کی پوری کوشش کی، لیکن وہ انگلینڈ کے ڈیفنس کو توڑنے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل انگلینڈ 1966، 1990 اور 2018 میں سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ 1966 میں انگلینڈ نے خطاب اپنے نام کیا تھا، لیکن 1990 اور 2018 میں ٹیم کا سفر سیمی فائنل میں ہی ختم ہو گیا تھا۔ سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ارجنٹائنا سے ہوگا۔ اس شکست کے ساتھ ہی ناروے کا ورلڈ کپ میں شاندار سفر تھم گیا۔ ارلنگ ہالینڈ بھی کوارٹر فائنل مقابلے میں ناروے کو جیت نہیں دلا سکے۔ حالانکہ ورلڈ کپ میں ہالینڈ کی کارکردگی لاجواب رہی اور انہوں نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 7 گول کئے۔دوسرا سیمی فائنل فرانس اور اسپین کے درمیان ہوگا۔
Stay tuned with 24 News HD Android App