فریحہ بتول: شہر میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ جاری ہے، جبکہ مختلف مارکیٹوں میں شہریوں سے سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق دوسہری آم کی سرکاری قیمت 230 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح آلو بخارہ سرکاری نرخ 430 روپے کے بجائے 520 روپے، لیچی 645 روپے کے مقابلے میں 750 روپے اور آڑو 257 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح کیلا سرکاری قیمت 215 روپے کے مقابلے میں 250 روپے فی درجن، جامن 180 روپے کے بجائے 200 روپے اور خوبانی 320 روپے کے مقابلے میں 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا گیا۔ اروی سرکاری نرخ 100 روپے کے بجائے 130 روپے، ٹماٹر 180 روپے کے مقابلے میں 250 روپے، پیاز 107 روپے کے بجائے 150 روپے، شملہ مرچ 200 روپے کے مقابلے میں 250 روپے اور کریلے 180 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور اوورچارجنگ میں ملوث دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔