ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر کے خلاف درخواست،کیس متعلقہ بینچ کو بھجوانے کی سفارش

فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر کے خلاف درخواست،کیس متعلقہ بینچ کو بھجوانے کی سفارش
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کینال پر فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر کے خلاف درخواست، جسٹس احمد ندیم ارشد نے کیس متعلقہ بینچ کو بھجوانے کی سفارش کردی.

لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کینال پر فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس احمد ندیم ارشد نے درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسی نوعیت کے ماحولیاتی اور عوامی مفاد سے متعلق کیسز جسٹس شاہد کریم سن رہے ہیں، اس لیے موجودہ درخواست بھی انہی کے روبرو مقرر کی جانا مناسب ہوگا۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے وکیل کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کیس کو متعلقہ بینچ کے سامنے بھجوانے کی سفارش کر دی اور درخواست کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی، تاکہ مناسب بینچ مقرر کیا جا سکے۔
درخواست ڈاکٹر اعجاز انور سمیت دیگر شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں پنجاب حکومت ایل ڈی اے ، پی ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور کینال کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ماحولیاتی قوانین اور ورثہ تحفظ سے متعلق قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر سے کینال کے قدرتی بہاؤ میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں ماحولیاتی توازن متاثر ہو سکتا ہے۔

  لاہور کینال شہر کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ ہے، جسے تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا اس کی اصل حیثیت کے منافی ہے۔ فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ کینال کے کناروں پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا۔درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ لاہور کینال پر فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔ مزید استدعا کی گئی ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک فلوٹنگ ریسٹورنٹس کی تعمیر روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں، تاکہ ماحولیاتی اور ثقافتی ورثے کو ناقابلِ تلافی نقصان سے بچایا جا سکے۔

Ansa Awais

Content Writer