سٹی 42: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی دودھ تیار کرنے والوں کیخلاف آپریشن جاری،ڈیری سیفٹی ٹیموں کا چونیاں قصور کے علاقے میں واقع امانت ملک کلیکشن سینٹر پر چھاپہ ، 1100لیٹر جعلی دودھ تلف کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے آپریشن کے دوران دودھ بردار گاڑی، مکسنگ مشین ، سکمڈ ملک پاؤڈر، کیمیکلز، 20 کلو ملک پاؤڈر اور 5 کلو آئل ضبط کیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک کلیکشن سینٹر میں چھپ کر پاؤڈر، کیمیکلز اور گندا گھی ڈال کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کیا جاتا تھا ۔
انکا مزید کہناتھاکہ ناقص پاؤڈر، کیمیکلز اور مضر صحت گندے آئل سے تیار کردہ دودھ گاڑی میں بھرا جارہا تھا ۔ڈیری سیفٹی ٹیموں کی بروقت کارروائی سے جعلی دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔
جعلی دودھ تیار کرنے والے 3 سپلائرز کیخلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔ جعلی یا ملاوٹی دودھ کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے،عوام تک معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے ٹریسیبل دودھ کا نظام لا رہے ہیں۔